پٹنہ، 28 نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار اسمبلی کے پانچ روزہ سرمائی اجلاس کے آخری دن ایوان کے قائد حزب اختلاف تیجسوی یاو کے تیکھے سوالوں سے مشتعل نتیش کے رد عمل سے صوبہ کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اس معاملہ پر وار اور پلٹ وار کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اسی ضمن میں بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے نتیش کمار کے رویہ پر تنقید کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش پگلا گئے ہیں، اس لئے غصہ میں ہیں۔
رابڑی دیوی نے جمعہ کے روز میڈیا سے کہا، ’’ہم نے تو ایوان میں تجاویز پیش کی تھیں، لیکن ان پر کوئی سماعت نہیں ہوئی۔ ہم لوگ حزب اختلاف میں اس لئے ہماری آواز کو دبایا جاتا ہے اور کوئی سماعت نہیں ہوتی۔
رابڑی نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ گزشتہ 15 سالوں سے ایک ہی تقریر کر رہے ہیں۔ ہم لوگ لگاتار سن رہے ہیں۔ وہ 24 گھنٹے کام کرتے ہیں، اس لئے پگلا گئے ہیں۔ پاگل ہو گئے ہیں، اس لئے غصہ ہو رہے ہیں۔ ان کو کون جانتا تھا ملک میں؟ ہم لوگوں کی 75 سیٹیں آئیں، ان کی 43 آئیں۔ عوام نے ہمارا ساتھ دیا ہے، ان کو لات ماری ہے۔ اقتدار ہم لوگوں کا تھا لیکن ہم سے چھین لیا گیا۔‘‘
خیال رہے کہ بہار اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے آخری دن گورنر کے خطبہ کے بعد قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے نتیش کمار سے تیکھے سوال پوچھ لئے تھے۔ اس کے بعد بوکھلائے نتیش کمار نے تیجسوی پر جوابی حملہ بولتے ہوئے کہا کہ یہ میرے دوست کا بیٹا ہے اس لئے میں اب تک خاموش ہوں۔ میں اس کے باپ کی عمر کا ہوں۔ یہ بکواس کر رہا ہے، جھوٹ بولتا ہے۔
غصہ میں نتیش کمار نے یہاں تک کہا کہ ’’تم کو ڈپٹی سی ایم کس نے بنایا تھا؟ آپ چارج شیٹڈ ہو، تم کیا کرتے ہو میں سب جانتا ہوں۔ 2017 میں گھوٹالے کے الزامات لگے تھے تو کیوں نہیں وضاحت پیش کی تھی؟ تمام لوگ تمہاری ایک ایک بار جانتے ہیں۔‘‘
بشکریہ: قومی آواز